اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) یوم اقبال کے موقع پر چھٹی کا معمہ حل ہو گیا ہے اور حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 9 نومبر کو چھٹی نہیں ہو گی اور تمام سرکاری و تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ تفصیلات کے حکومت نے گزشتہ دنوں یوم اقبال کی چھٹی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ حکومت نے اس تنقید کے پیش نظر اپنے فیصلے پر نظرثانی تو کی لیکن چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ بحال رکھا تاہم کچھ ٹی وی چینلز کی جانب سے یہ ابہام پھیلایا گیا کہ چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور نیا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ لیکن اب وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں یہ معمہ حل ہو گیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ 9 نومبر کے روز چھٹی نہیں ہو گی۔
قبل ازیں نجی ٹی اے آر وائی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزارت داخلہ نے یوم اقبال کی تعطیل کے خاتمے کا پہلا نوٹیفیکیشن منسوخ کرتے ہوئے 9نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر خبر کے ساتھ ایک نوٹیفکیشن کا عکس بھی شائع کیا جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ نوٹیفکیشن وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اس کے مطابق یوم اقبال کی چھٹی بحال کر دی گئی ہے تاہم اب اے آر وائی سمیت دیگر نیوز چینلز نے تصدیق کر دی ہے کہ یوم اقبال کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا جا چکا ہے۔
0 comments:
Post a Comment